خبرنامہ پنجاب

لاہورزیادتی کیس، حکومت کی درخواست سماعت کیلئےمنظور

لاہور: (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے مرکزی ملزم عدنان ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کے لیے پنجاب حکومت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید ڈار نے کیس کی سماعت شروع کی تو حکومت پنجاب کی جانب سے دائراپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم عدنان ثناء اللہ نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ آٹھویں جماعت کی طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ متاثرہ لڑکی مجسٹریٹ کے روبرو پیش ہو کر اس بات کی تصدیق کر چکی ہے کہ عدنان اجتماعی زیادتی کا مرکزی ملزم ہے ۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے لڑکی کو دباؤ میں لا کر بیان بدلنے پر مجبور کیا اور لڑکی کے بیان حلفی کی روشنی میں سیشن عدالت نے مرکزی ملزم کو ضمانت پر رہا کر دیا ۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمان کے دباؤ پر لڑکی کی جانب سے سیشن عدالت میں دئیے جانے والے دوسرے بیان کو کالعدم قرار دیا جائے اور مرکزی ملزم عدنان ثناء اللہ کی ضمانت منسوخ کی جائے ۔ جسٹس شاہد حمید ڈار نے پنجاب حکومت کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ متاثرہ لڑکی نے ملزم کی ضمانت کا سبب بنی ۔ خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانا معاشرے کا خوفناک پہلو ہے ۔ عدالت نے آئندہ ہفتے ملزم عدنان ثنا اللہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔