خبرنامہ پنجاب

لاہورسمیت مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

لاہور:(آئی این ؛پی) مون سون نے رنگ دکھانا شروع کردیا ، لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، گجرات اور سکھر میں تیز بارش ہوئی ، آئند چوبیس گھنٹے میں ، اسلام آباد ، راولپنڈی اور لاہور میں سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ ملک میں مون سون بارشوں نے اثر دکھانا شروع کردیا ، مختلف شہروں میں رات کو کھل کر بارش ہوئی ، سکھر میں طوفانی بارش سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ مختلف علاقوں میں رات سے ہی بجلی غائب ہے ، روزہ داروں کو سحری اندھیرے میں کرنا پڑی ۔ لاہور میں بھی بوندا باندی کے بعد بادل کھل کر برسے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ آسمان سے گرتی بوندوں نے گوجرانوالہ ، فیصل آباد اور گجرات کو بھی بھگو دیا ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آئند ہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان اور خیبرپختوا میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ اور بالائی پنجاب میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی میں سمندری ہوا منقطع ہونے کی وجہ سے آج بھی شدید حبس رہے گا تاہم آج شہر قائد رات میں پھر بارش کی پیشگوئی ہے ۔