لاہور (آئی این پی) صوبائی درالحکومت میں دیر ینہ دشمن کی نتیجے میں مختلف واقعات میں خاتون اور 2 بھائیوں سمیت 4افراد قتل‘اشتہاری ملزم نے مبینہ طور پر پولیس کی حراست میں خود کشی کر لی جبکہ تھانہ جنوبی چھاؤنی کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 12سالہ لڑکے ناصر کو قتل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روزلاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پسند کی شادی کرنے والی 23سالہ نوجوان لڑکی مہوش کو اس کے والد نے گلہ دبا کرقتل کردیا۔پولیس نے ملزم شیر علی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی بیٹی نے اپنی مرضی سے طلعت نامی نوجوان سے شادی کرلی تھی۔ ملزم کے بیان کے اس نے بہانے سے اپنی بیٹی کو گھر بلایا اور صبح کے وقت سوتے ہوئے گلہ دبا کر اسے قتل کردیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا ۔تھانہ شاہدرہ پولیس نے مقتولہ کے شوہر طلعت کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیاہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب تھانہ جنوبی چھاؤنی کی حدود میں فائرنگ سے 12سالہ لڑکاجاں بحق ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق نشاط کالونی کا رہائشی 12سالہ ناصر اسپیئر پارٹس کی دکان پر کام کرتا تھا کہ قاضی چوک کے قریب نامعلوم افراد نے ناصر کے سر پر گولی مار دی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اہل علاقہ نے 1122کی مدد سے ناصر کو سروسز ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے میو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور بازار میں دکانوں کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا ۔تھانہ نواں کوٹ میں اشتہاری ملزم نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزم 25سالہ علی حسن کو آپریشن ونگ نے گرفتار کیا تھا جسے ابھی حوالات میں بند نہیں کیا گیا اوربلکہ کمرے میں بٹھایا گیا تھا ۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی ہی پستول سے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی ۔ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے جبکہ برکی ہڈیارہ کے علاقے میں سابق اے ایس آئی شہباز نے فائرنگ کر کے مخالف گروپ کے دو افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اورخود موقع سے فرار ہو گیا ۔فائرنگ کے نتیجے میں نعمان اور اس کا بھائی صفدر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے دونوں لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ۔