لاہور(آئی این پی) لاہور کے علاقہ ہنجروال میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ سے پیٹرول پمپ کا سکیورٹی گارڈ قتل جبکہ پو لیس نے ملزم کو گر فتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ہجروال کے علاقہ میں ایک پیٹرول پمپ کے سکیورٹی گارڈ عقیل اور سلامت مسیح نامی شخص کے درمیان کسی بات پر معمولی تلخ کلامی ہوئی جس پر سلامت مسیح طیش میں آگیا اور سکیورٹی گارڈ سے ہی گن چھین کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ عقیل شدید زخمی ہو گیا ‘ سکیورٹی گارڈ کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔ پولیس نے ملزم سلامت مسیح کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ سکیورٹی گارڈ کی لاش کو بھی پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے ۔