خبرنامہ پنجاب

لاہورمیں کارسواروں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی

لاہور (ملت + آئی این پی) لیڈی ولنڈن ہسپتال کے قریب کار سواروں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ لاہورمیں لیڈی ولنڈن ہسپتال کے قریب فورٹ روڈ پرسی آئی اے کے ایک اے ایس آئی، دواہلکاروں اور ایک مخبر پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے پہنچی تو وہاں موجود کارسوارڈاکوؤں نے ان پرفائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار رضوان، ظفر اور افضل شدید زخمی ہوگئے جنہیں میوہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں 2 سی آئی اے اہلکاراور ایک سی آئی اے کا مخبرشامل ہے۔ زخمی اہلکاروں کی جیبوں سے 70 ہزارروپے کی مالیت کرنسی اور پرائز بانڈز برآمد ہوئے ہیں، فائرنگ کرنے والے ملزموں کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ۔دوسری جانب وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیے دیا ہے۔ وزیراعلی نے سی سی پی او کوہدایات کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اورفائرنگ کرنے والے ملزمان کوفی الفورگرفتارکیا جائے۔