خبرنامہ پنجاب

لاہورپولیس کا ملزمان کو چارپائی کے ساتھ باندھ کرتشدد

لاہور (آئی این پی )لاہور کے تھانہ شالیمار میں زیرحراست افراد کو اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ خبرمنظرعام پرآنے کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن نے تشدد میں ملوث 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ تھانہ شالیمار پولیس نے 2 افراد کو نوسربازی کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ دوران تفتیش ایک شخص کو چارپائی سے باندھ کر الٹا لٹکا دیا گیا جبکہ دوسرے کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے ملزمان اب تک 12 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کرچکے ہیں۔ دوسری جانب ملزمان کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس بغیر ایف آئی ار کے فراز اور ڈویا مسیح کو حراست میں رکھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بناتی رہی۔ دونوں ملزمان پر پولیس کی جانب سے تشدد کی تصاویر سامنے آنے پر ایس پی انوسٹی گیشن نے نوٹس لیتے ہوئے انچارج انویسٹی گیشن حمادبٹ، اے ایس آئی طارق، محررعارف اور کانسٹیبل صادق کے معطلی کے نوٹس جاری کردیئے ۔