خبرنامہ پنجاب

لاہورکی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مزید 3 مجرموں کو پھانسی

لاہور:(اے پی پی)کوٹ لکھپت جیل میں 2 سگے بھائیوں سمیت قتل کے 3 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے 3 مجرموں کو علی الصبح پھانسی دی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور غیر متعلقہ افراد کو جیل کی طرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔اسلام آباد کے رہائشی سگے بھائیوں عمران اور لقمان نے 1996 میں وفاقی دارالحکومت میں معمولی تنازع پر علی نامی شہری کو قتل کردیا تھا، مقامی عدالت نے دونوں مجرم بھائیوں کو 1997 میں سزائے موت سنائی تھی۔ سزائے موت پانے والے تیسرے مجرم راحیل نے 1994 میں سرگودھا میں ایک شہری کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔دسمبر 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد سے ملک میں دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک فورسز اور سرکاری اداروں کے افسران کے قتل میں ملوث دہشت گردوں سمیت 400 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔