لاہور: (ملت+اے پی پی) لاہورکے جناح اسپتال میں مریضہ کی ہلاکت کے بعد وزیراعلیٰ کے حکم پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر گزشتہ روز لاہور کے جناح اسپتال میں علاج نہ ہونے کے باعث ہلاک ہونے والی مریضہ زہرہ بی بی کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اسی سلسلے میں آج تین رکنی تحقیقاتی ٹیم اسپتال پہنچی اور اسپتال کے ایم ایس اور 5 ڈاکٹروں سمیت 4 نرسوں سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تحقیقاتی کمیٹی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیصل مسعود کی سربراہی میں بنائی گئی ہے اور کمیٹی میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فخر امام اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سلمان بھی شامل ہیں، سینئر رجسٹرار، میڈیکل آفیسر اور سینئرہیڈ نرسز کی تحقیقات اسپتال کے پروفیسر کریں گے جب کہ ایمرجنسی اور ایڈمنسٹریشن کی تحقیقات ڈاکٹر یحیٰ اور ڈاکٹر جعفر شاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کسی کا لحاظ نہیں کرے گی جب کہ تحقیقاتی ٹیم کاکہنا ہے کہ ذمہ داروں سے سختی سے نمٹاجائے گا اور واقعہ کی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی۔ گزشتہ روز لاہور کے جناح اسپتال میں خاتون مریضہ زہرہ بی بی کو اسپتال کی ایمرجنسی میں بیڈ نہ ملنے کی وجہ سے ٹھنڈے فرش پر ہی لٹاکر ڈرپ لگادی گئی اور کچھ دیر بعد انہیں شدید بخار نے آگھیرا جس کے باعث خاتون ہلاک ہوگئیں۔