خبرنامہ پنجاب

لاہورہائیکورٹ؛ مال روڈ پرمظاہروں کیخلاف حکومت سے جواب طلب

لاہور: (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں کے خلاف پنجاب حکومت ، ضلعی حکومت اور سی سی پی او سے یکم اگست کو رپورٹ طلب کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 2012 میں عدالت نے مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں پر پابندی لگائی لیکن عمل درآمد نہیں ہوا جو توہین عدالت کے مترادف ہے۔ دوران سماعت چیف ٹریفک پولیس آفیسر نے جواب جمع کروا دیا جس میں کہا گیا کہ ناصر باغ اور عتیق سٹیڈیم میں احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے انتظامات مکمل کئے۔ مال روڈ پر احتجاج کی اجازت ضلعی حکومت دیتی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب حکومت سی سی پی او لاہور اور ضلعی حکومت سے تحریری جواب طلب کرلیا۔