لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ اور فوج کے خلاف بیان دینے پر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی نااہلی کے لیے درخواست پر وزیر اعلی کی ججز اور جرنیلوں سے متعلق تقریر کا ویڈیو ریکارڈ طلب کر لیا ۔ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے یہ حکم شہری محمود اختر نقوی کی درخواست پر سماعت کے بعد جاری کیا۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میاں شہباز شریف نے ججز اور جرنیلوں کی کرپشن پر احتساب کا بیان دیا ہے،میاں شہباز شریف کا یہ بیان عدلیہ اور فوج کی تضحیک کے مترادف ہے درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا بیان آئین کے آرٹیکل تریسٹھ کی ضمنی دفعہ زیڈ کے ذمرے میں آتا ہے۔ لہذا عدالت متنازع بیان دینے پر وزیر اعلی پنجاب کو نااہل قرار دے عدالت نے سماعت 26 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے وزیر اعلی کی تقریر کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی مزید دلائل طلب کر لئے ہیں۔