خبرنامہ پنجاب

لاہورہائیکورٹ: اضافی ٹیکسوں سے متعلق جواب طلب

لاہور(آئی این پی ) لاہورہائی کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی پر وفاقی حکومت، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مامون الرشید شیخ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کی خلاف جسٹس پارٹی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں پیٹرول مہنگا فروخت کیا جارہا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس بھی وصول کیا جارہا ہے۔ عدالت حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حکم دے۔ عدالت نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد وفاقی حکومت ، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔