لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) لاہور کے علاقے نیو انارکلی میں واقع پلازے میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ، امدادی کاموں میں غفلت پر تاجروں کی ریسکیو عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیو انارکلی میں واقع پلازے میں علی الصبح آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پلازے میں موجود دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی 11 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں ، امدادی کاموں میں تاخیر پر دکان مالکان کی ریسکیو اہلکاروں سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ اپنی زندگی بھر کی کمائی کو جلتا دیکھ کر تاجر غم سے نڈھال ہوگئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ریسکیو عملے کے پاس آگ بجھانے کیلئے آلات اور آکسیجن سلنڈرز کم تھے جس کے باعث آگ پھیلتی رہی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل یکم اپریل کو بھی انارکلی کے ایک پلازے میں آگ لگ گئی تھی جس سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا تھا۔