لاہور:(آئی این پی) لاہور ميں فیروزپور روڈ پر اوور ہیڈ برج کی تزئين و آرائش کے دوران کرنٹ لگنے سے دو مزدور بھائی جاں بحق ہوگئے۔ لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ میاں میر کالونی کے رہائشی دو بھائی محمد سلیم اور عبدالوحید فیروز پور روڈ پر اوورہیڈ برج پر رنگ و ورغن کا کام کر رہے تھے۔ لوہے کی سیڑھی لگا کر وہ رنگ کر رہے تھے کہ اوپر سے گزرنے والی 11 ہزارکے وی کی تاروں سے چھو گئے۔ دونوں بھائی موقع پر لقمہ اجل بن گئے۔ روزی روٹی کمانے کے لئے گھر سے جانے والے جوان بھائیوں کی لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا،بوڑھی ماں اور بیواؤں کے بین سے ہر آنکھ اشکبار۔ محلے داروں نے حکومت سے دونوں خاندانوں کی کفالت کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے حادثہ اتفاقی قرار دے کر لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔