لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ‘ 5 مضامین عربی، جغرافیہ، صحت وجسمانی تعلیم، بزنس سٹڈیز، لباس اور پارچہ بانی کے پیپرز‘تمام امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے رواں سال امتحان میں تقریبا 4 لاکھ 88 ہزار بچے شرکت کررہے ہیں پہلے روز لیے جانے والے پرچوں میں عربی، جغرافیہ، صحت وجسمانی تعلیم، بزنس سٹڈیز، لباس اور پارچہ بانی کے مضامین شامل ہیں ترجمان کے مطابق شہر بھر میں 806 امتحانی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں اور تمام امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ۔ امتحانات کے دوران امتحانی عملے اور طالبعلموں کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ہر امتحانی سنٹر میں ایک سیکیورٹی گارڈ تعینات کیا گیا۔