لاہور (ملت + اے پی پی) چیئرپرسن چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے بیورو کی ریسکیو ٹیم نے 31بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا جن میں21لڑکے اور10لڑکیا ں شامل ہیں۔ان بچوں میں سے 11 بچوں کو چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر دی گئی اطلاع پر ریسکیو آپریشن کے ذریعے تحویل میں لے لیا جن میں 7لڑکے اور 4لڑکیاں شامل ہیں۔ ان تمام بچوں کو بیورو کی ریسکیو ٹیم نے دوران ریسکیو آپریشن شہر کے مختلف بازاروں، سگنلزاور سڑکوں سے تحویل میں لیا۔ بیورو کی ٹیم کی جانب سے گلبرگ، ڈیفنس، مون مارکیٹ،کریم بلاک مارکیٹ، جوہر ٹاؤن، برکت مارکیٹ، داتا دربار، کیولری گراؤنڈ، مال روڈ سمیت شہر کی تمام اہم سڑکوں اور بازاروں میں بھکاری بچوں کے خلاف ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تمام بچوں کو چائلڈپروٹیکشن کورٹ میں پیش کر کے قانونی تحویل حاصل کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان بچوں کیلئے تعلیم، رہائش اور خوراک کے انتظامات موجود ہیں۔ چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ بیورو کی جانب سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کر دیا گیاہے اور بھیک کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔