لاہور: بیٹے کی جان بچاتے ہوئے ماں بیٹی کرنٹ لگنے سے جاں بحق
لاہور: (ملت آن لائن) لاہور کے علاقہ مصری شاہ میں بیٹے کی جان بچاتے ہوئے ماں بیٹی کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے، متاثرہ خاندان نے واقعہ کا ذمہ دار لیسکو حکام کو قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق، کرنٹ لگنے کا افسوسناک واقعہ مصری شاہ کے علاقہ نیلم سینما چوک کے قریب پیش آیا جہاں جاوید کے بیٹے 12 سالہ مؤمن نے اپنی شرٹ شیڈ سے اتارنے کے لئے لوہے کا پائپ گھر کی کھڑکی سے باہر نکالا تو پائپ بجلی کی مین تار کو چھو گیا۔ بیٹے کی چیخ و پکار سن کر ماں گود میں بیٹی لئے پہنچی پائپ کو ہاتھ لگایا تو کرنٹ کی زد میں آ گئی، 35 سالہ معصومہ اور دو سالہ نور فاطمہ بری طرح سے جھلس گئیں جو ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئیں۔ متوفیہ کے شوہر جاوید نے واقعہ کا ذمہ دار لیسکو حکام کو قرار دیا۔ متوفیہ معصومہ 6 بچوں کی ماں اور چترال کی رہائشی تھی جو کرائے کے مکان میں مقیم تھی۔ دوسری جانب پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔