خبرنامہ پنجاب

لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی لڑائی کے باعث میدان جنگ بنا رہا

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی لڑائی کے باعث میدان جنگ بنا رہا‘باعث ایمرجنسی سروسز معطل ہونے کے ساتھ ساتھ وارڈوں اور آٹ ڈور میں علاج معالجہ کئی گھنٹے بند رہا جس سے مریضوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا‘ بعدازاں انتظامیہ نے مداخلت کرتے ہوئے فریقین کے درمیان صلح کروادی۔تفصیلات کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں گاڑی کی پارکنگ کے دوران سکیورٹی گارڈ نے ڈاکٹر عاطف کو گاڑی لگانے سے منع کیا تو ڈاکٹر نے سکیورٹی گارڈ کو تھپڑ رسید کردیا جس پر دیگر سکیورٹی گارڈز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے لوگ بھی وہاں پہنچ گئے اور لڑائی جھگڑا شروع ہوگیا۔ پیرامیڈیکل سٹاف کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز ایمرجنسی اور وارڈوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے اور ہسپتال کے باہر فیروز پور روڈ کو پر اپنی جانیں بچانے کیلئے دوڑیں لگاتے رہے جس کے باعث ایمرجنسی سروس معطل رہیں اور وارڈز، آٹ ڈور میں بھی علاج معالجہ کئی گھنٹے تک معطل رہا۔ بعدازاں پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب اور ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر نے مداخلت کرتے ہوئے فریقین میں صلح کروائی اور معاملہ رفع دفع کروادیا۔ ادھر واقعہ کی تحقیقات کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔