لاہور:(اے پی پی) شیخوپورہ میں شرقپور کے قریب حساس اداروں کی کارروائی میں سات دہشت گرد مارے گئے ۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا ، وہ لاہور اور شیخوپورہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے ، اب کوئی دہشت گرد سہولت کار بچ نہ پائے گا ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد شیخوپورہ شرقپورہ روڈ کے ایک مکان میں چھپے ہوئے ہیں اور لاہور شیخوپورہ شرقپور میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر حساس اداروں نے شرقپور روڈ پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی ۔ اس دوران دہشت گردوں نے دستی بم بھی استعمال کئے ۔ دہشت گردوں اور حساس اداروں کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ فائرنگ سے 7 دہشت گرد ہلاک اور 3 اندھیرے میں فرار ہو گئے ۔ ملزموں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد ، ہینڈ گرنیڈ ، کلاشنکوف کی گولیاں اور حساس مقامات کے نقشے برآمد ہوئے ۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے تھا ۔