لاہور(اے پی پی )لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، لاہور میں کئی مقامات پر اولے بھی پڑے‘ پھسلن کے باعث ٹریفک حادثات‘ چھتیں، دیواریں اور آسمانی بجلی گرنے سے بچوں، خواتین سمیت 31 افراد جاں بحق اور بیسیوں زخمی ہوگئے۔ سب سے زیادہ نقصان بلوچستان میں ہوا، ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث سردی پھر لوٹ آئی، بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی، کئی سڑکیں پانی میں بہہ گئیں، سینکڑوں مکانات متاثر ہوئے، اکثر علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، جمعہ کی صبح اسلام آباد میں مری روڈ پر واقع گاؤں مل پور میں مسافر وین تیز رفتاری اور پھسلن کے باعث ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق اور 4زخمی ہو گئے۔ چمن پشین ژوب لورالائی ہرنائی زیارت مسلم باغ دالبندین نوشکی اور بلوچستان کے شمال مشرقی اور مغربی علاقوں میں دو روز سے بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ضلع شیرانی کے علاقے شینہ پونگہ میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 خواتین اور 3بچے جاں بحق ہو گئے۔ متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو افرادی قوت اور مشینری کو الرٹ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ مچھ میں بارش کے باعث گاڑی الٹنے سے دو افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہو گئے۔ جھل مگسی میں ڈیم کے بند ٹوٹنے کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ژوب میں ندی نالے بپھر گئے۔ ژوب کے نواحی علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے 4خواتین اور ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اسلام آباد، ڈیرہ غازی خان ،کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے، پشاور او ر ملک کے دیگر شہروں میں رات گئے کہیں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔ جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔ بارش سے آدھے سے زیادہ شہر کی بجلی بند ہو گئی۔ کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) کے کسٹمر سروس نمائندے عارف کے مطابق بجلی کی فراہمی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث معطل ہوئی۔ بھکر کے چک نمبر 63ایم ایل میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی چاردیواری بارش کے باعث گر گئی جس کے ملبہ تلے 8سالہ جویریہ عباس اور اس کا 13سالہ بھائی محمد عدنان دب گئے اور ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ نواحی علاقہ داجل میں بارش کے باعث گھر کی خستہ دیوار گرنے سے 3ماہ کی شہناز اور24سالہ پروین دب کر شدید زخمی ہو گئیں۔ دریاخان کے محلہ کوثر مسجد کے رہائشی زاہد ہاشمی کے گھر بارش کے باعث شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اچانک آگ لگ گئی۔ اس کی بیٹی کا جہیز بھی جل گیا۔ جھنگ اور گردو نواح میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ تحصیل پیرمحل میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کے ساتھ گندم کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ چک امرو سمیت درجنوں دیہات میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ پیرمحل اور رجانہ سے نامہ نگار کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے 17سالہ دوشیزہ زندگی کی بازی ہار گئی۔ نسیم بی بی کھیتوں میں کام کرنے میں مصروف تھی کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے کے نتیجہ میں بری طرح جھلس گئی جبکہ ایک اور واقعہ میںگائوں284گ ب میں آسمانی بجلی گرنے سے 15سالہ نوجوان رفاقت علی ولد عبدالغفور بھی بُر طرح جھلس گیا۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق مکان کی چھت گرنے سے تین افراد رفیق‘ یاسین اور عمران شدید زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل کر دیا بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا موسم بہار کی پہلی بارش نے واسا کے دعووں کا پول کھول کر رکھ دیا۔ نوکنڈی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایف سی اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پھلروان سے نامہ نگارکے مطابق بارش سے ہر طرف پانی جمع ہو گیا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق شدید بارش و ژالہ باری جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ لوگوں نے صندوقوں میں رکھے گرم کپڑے اور جیکٹیں دوبارہ نکال لیں۔ مستونگ میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے 2افراد جاں بحق ہو گئے۔ مین بازار کروڑ لعل عیسن لیہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی جس سے گھر میں موجود 2خواتین جاں بحق ہو گئیں جبکہ 2 بچیاں زخمی ہوئیں۔ پانی گھروں میں دخل ہو گیا۔ چمن میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ شورکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں ہونے والی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ گہرے بادل چھانے کے باعث اندھیرا چھانے سے شہریوں کو گاڑیوں کی لائٹس جلانا پڑیں۔ دریں اثناء تیز بارش کی وجہ سے پشین میں ایک گھر کی چھت گر گئی جس سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ ڈی سی پشین کے مطابق جاں بحق افراد میں دادا دو پوتے اور 2 پوتیاں شامل ہیں۔ چمن میں 8 جھونپڑیاں پانی میں بہہ گئیں‘ صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوج کو سٹنیڈ بائی رکھا گیا ہے۔ ضلع لورالائی کے علاقے رکھنی کے قریب پنجاب سے لورالائی آنے والی ڈائیوو بس حادثے کا شکار ہو گئی‘ چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی و گردونواح میں زبردست ژالہ باری ہوئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بارش سے شہر بھر کی سڑکیں‘ بازار اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل‘ کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کا گھروں سے نکلنا دشوار ہو گیا۔ تعلیمی اداروں اور دفاتر میں حاضری کمی رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بھکر کے علاقہ میں سکول کی دیوار گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپوٹر طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ صوبہ پنجاب میں کسی بھی متوقع شدید بارشوں کے نتیجہ میں برساتی نالوں میں پانی کے اتار چڑھائو کی مانیٹرنگ کیلئے فوری طور پر کنٹرول رومز فنکشنل کر دئیے گئے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے میں مین کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ نالہ لئی کو بھی خصوصی طور پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ آئندہ چند روز میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اس امر کا اظہار چیف ریلیف کمشنر پنجاب و ایس ایم بی آر زاہد سعدی نے پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں منعقد فلڈ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔