لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) لاہور میں ماں نے مبینہ طور پر دو بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق عیسی نگری میں اپنے والدین کے گھر مقیم کرن نامی خاتون نے مبینہ طور پر اپنی تین ماہ کی بیٹی ایمان اور کمسن بیٹے میتھیو کو پانی کے ٹب میں ڈبو کر قتل کیا جس کے بعد گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔پولیس کا کہنا تھا کہ کرن کی نبض پر کٹ کا نشان بھی موجود ہے جبکہ کمرے کا دروازہ اندرسے بند تھا۔ واقعہ گھریلو لڑائی جھگڑے کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ایس ایچ او شاد باغ پولیس سید ابرار شاہ نے کہا کہ خاتون کا شوہر کے ساتھ جھگڑا رہتا تھا لیکن شوہر کے مطابق اسے اس انتہائی اقدام کی امید نہ تھی مختلف پہلوؤں پر تفتیش کررہے ہیں۔ماں اور دونوں بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیئے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ خاتون کے شوہر سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔