خبرنامہ پنجاب

لاہور: سگیاں پل کے قریب پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک،تین فرار

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور میں سگیاں پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں 4 ڈاکو ہلاک جبکہ 3فرار ہوگئے ، ہلاک ہونے والوں میں ملت پارک میں ڈکیتی مزاحمت پر پانچ افراد کو قتل کرنے والے گرفتار تین ڈاکو اور ان کو چھڑوانے کیلئے آنے والے حملہ آور شامل ہیں۔ تین حملہ آور فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس ملت پارک میں ڈکیتی کے دوران پانچ افراد کو قتل کرنے والے گرفتار تین ڈاکوؤں ظہیر عباس عرف باسو، زاہد علی اور جہانگیر عرف بھولا کو لوٹے ہوئے سامان کی برآمدگی کے لیے سکھیکھی لے کر گئی۔ برآمدگی کے بعد لاہور واپس آرہے تھے کہ سگیاں پل کے قریب موٹر سائیکل سوار چار افراد نے زیر حراست ڈاکوؤں کو چھڑ انے کے لیے پولیس موبائل گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے پولیس وین میں موجود ملت پارک ڈکیتی کے تینوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک نامعلوم حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا جبکہ تین حملہ آور فرار ہو گئے۔