خبرنامہ پنجاب

لاہور سے لاپتا ہونیوالے ترک خاندان کا 4 دن بعد بھی سراغ نہ مل سکا

لاہور سے لاپتا ہونیوالے ترک خاندان کا 4 دن بعد بھی سراغ نہ مل سکا

لاہور(ملت آن لائن) لاہور سے لاپتا ہونے والے ترک خاندان کا 4 روز گزرنے کے باوجود بھی سراغ نہ مل سکا جب کہ پولیس نے اب تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا۔

پاکستان میں ترک اسکولوں کے ڈائریکٹر مسعوط کچماز ،ان کی اہلیہ میرل ،بیٹی ہدیٰ نور اور دوسری بیٹی فاطمہ ہما 27 ستمبر کو لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہوئے تھے۔

مسعوط کے ساتھی فاتح نے تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دی تھی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی۔

پولیس کے مطابق لاپتا ترک خاندان کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی تھی اور وہ غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

لاپتا خاندان کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے ہائیکورٹ کے روبرو یہ خدشہ ظاہر کیا ہےکہ ترک خاندان کو زبردستی ملک بدر کردیا جائے گا جس پر عدالت نے 6 اکتوبر تک ترک خاندان کی ملک بدری روکنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 1995 میں پاک ترک فاؤنڈیشن کے تحت بننے والے پاک ترک اسکول اور کالجز کے 28 کیمپس ہیں اور تقریباً 11 ہزار بچے یہاں زیر تعلیم ہیں۔