لاہور: پولیس قبضہ مافیا منشا بم اور اس کے بیٹوں کو اب تک گرفتار نہ کرسکی اور فیصل منشا آج ناکے پر روکے جانے پر گاڑی چھوڑ کر بھاگ نکلا۔
ایس پی صدر معاذ ظفر کے مطابق رائے ونڈ کی حدود میں پولیس نے ناکے پر ایک مشکوک گاڑی کو روکا تھا، تاہم گاڑی میں سوار منشا بم کا بیٹا فیصل منشا پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر گاڑی چھوڑ کر بھاگ گیا۔
ایس پی صدر نے مزید بتایا کہ پولیس نے فیصل منشا کی گاڑی قبضے میں لے کر کارروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ منشا بم اور اس کے بیٹوں پر لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں زمینوں پر غیرقانونی قبضے کا الزام ہے۔
اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک عام شہری کی جانب سے درخواست بھی دائر کی گئی، جس کی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا تھا کہ منشابم کے خلاف 70 مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا تھا کہ عدالت کے حکم پر جب ان کے خلاف کارروائی شروع کی گئی تو سفارشیوں کے فون آنا شروع ہوگئے، جس پر عدالت عظمیٰ نے منشا بم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ دو اکتوبر کو لاہور میں قبضہ گروپوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اَپ کے پہلے روز منشا بم کی فرنیچر مارکیٹ گرا دی گئی تھی، جس میں 25 سے زائد شوروم تھے۔