خبرنامہ پنجاب

لاہور: مکان کی چھت گرگئی‘4افراد جاں بحق ،3زخمی

لاہور:(آئی این پی) لاہور کے علاقے اعظم گارڈن میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی ۔تفصیلات کے مطابق اعظم گارڈ ن میں بارش نے چار زندگیاں نگل لیں ۔ چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے‘ذرائع کا کہنا ہے کہ چھت گرنے کے واقعے میں ساس بہو اور 2بچے جاں بحق ہوئے ہیں اور ملبہ ہٹانے کیلئے امدادی کام جاری ہیں تاہم ملبے تلے کسی اور فرد کے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ہے زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت شمع بی بی ، منظوراں بی بی جبکے بچوں کی شناخت بلال اور حاجرہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔