لاہور(آئی این پی )پنجاب اسمبلی میں میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی مزید بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ پنجاب اسمبلی میں منظور کی جانیوالی مذمتی قرارداد وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے پیش کی ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے یہ ایوان اظہار رائے پر منفی انداز میں اثر انداز ہونے کی مذمت کرتا ہے۔ وقفہ سوالات میں تحریک انصاف کے میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ملتان روڈ پر ایک سال قبل دو ارب 13 کروڑخرچ ہوئے اب اورنج لائن ٹرین کے نام پر اسے اکھاڑ دیا گیا ہے، اس غلط منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرایاجائے۔ وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ وقت کی ضرورت کے مطابق منصوبے بنتے رہتے ہیں۔ گنے کی فصل پر بحث کے دوران وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو 54 ارب روپے ادا کئے جاچکے ہیں۔اراکین کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو آلو، گندم اور چاول کی مناسب قیمت ادا کی جائے، بجلی، کھاد اور بیج سستے کئے جائیں۔