لاہور: (ملت+اے پی پی) گھنگھور گھٹائیں، بارش، بھیگے نظارے، برفباری، ٹھٹھرنے پر مجبور کرتا موسم اور ہر طرف ٹھنڈ ہی ٹھنڈ۔ لاہور میں سرشام بادل چھلک پڑے۔ کہیں رم جھم، کہیں پھوار سے موسم نکھرا تو ساتھ ہی سردی بھی بڑھ گئی۔ اس سے پہلے سارا دن سرمئی بادلوں نے فضاء کو دھواں، دھواں بنائے رکھا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔ سیالکوٹ میں اولے بھی پڑے جس سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا۔ دریا خان، قائد آباد اور قصور میں بھی بوندا باندی ہوئی۔ مری میں آسمان سے گرنے والے روئی کے گالوں نے ہر منظر سفید بنا دیا۔ گلیات، مالم جبہ اور ٹھنڈیانی میں بھی پہاڑوں نے سفید مخمل کی چادر اوڑھ لی۔ وادی نیلم میں 6 سے 8 فٹ، لیپہ میں 5 فٹ تک برف پڑی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے آزاد کشمیر کے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ کراچی میں بھی موسم نے انگڑائی لے لی۔ سرد ہواؤں اور بادلوں سے گھرے آسمان نے شہریوں کا مزاج بھی خوشگوار بنا دیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں بونداباندی کا بھی امکان ہے۔