خبرنامہ پنجاب

لاہور میں بدترین فضائی آلودگی، ماسک، ‌عینک پہن کر باہر نکلیں

لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں شدید فضائی آلودگی چھائی ہوئی ہے۔ اس صورتحال سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فضا پر چھائی اس آلودگی سے جہاں حد نظر بری طرح متاثر ہوئی ہے تو وہیں شہریوں کو سانس کی بیماریوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگلے پانچ روز تک موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شہری باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنا منہ ڈھانپ کر رکھیں، کیونکہ شہر پر چھائی اس فضائی آلودگی سے عوام کو نہ صرف سانس اور آنکھوں کی تکالیف ہو سکتی ہیں بلکہ نفسیاتی طور پر بھی اس کے برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ فضائی آلودگی سے موٹروے پر حد نظر کم ہو کر صرف 20 سے 25 میٹرز رہ گیا ہے جبکہ شہری باسیوں کو بھی اس قسم کی صورتحال کا سامنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دھند اور فضائی آلودگی مل کر ماحول کو خراب بنا رہی ہیں۔