فیسٹیول کا آغاز ہفتہ 20فروری سے کیا جائے گا ،3دن پر مشتمل پروگرام اب صرف دو روز جاری رہے گا
لاہور (آئی این پی) لاہور میں آج ( جمعہ )18فروری سے شروع ہونے والے 3روزہ لاہور لٹریری فیسٹیول کے پہلے دن کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ، اب اس فیسٹیول کا آغاز ہفتہ 20فروری سے کیا جائے گا۔3دن پر مشتمل یہ پروگرام اب صرف دو روز جاری رہے گا اور اس کا اختتام اتوار 21فروری کو ہوگا۔ایل ایل ایف کے فیس بک پیج پر کیے گئے اعلان کے مطابق پروگرام میں یہ تبدیلی پنجاب حکومت کے مشورے سے کی گئی۔مزید بتایا گیا کہ پروگرام پر نظر ثانی کی جارہی ہے اور اس کے مقام کے بارے میں جلد مطلع کردیا جائے گا۔پہلے دن کے پروگرام میں حمید ہارون کی بولی وڈ اداکارہ شرمیلا ٹیگور سے گفتگو کا ایک سیشن شامل تھا جس کے ساتھ ساتھ انتظار حسین کی دنیا کے نام سے ایک سیشن بھی رکھا گیا تھا جو برصغیر کے نامور ادیب انتظار حسین کی یاد میں وقف کیا جانا تھا۔پہلے روز کے دیگر سیشنزمیں چینی خطاط حاجی نور الدین کی عربی خطاطی کی نمائش بھی شامل تھی۔پروگرام میں مزید کئی ادبی سیشنز بھی رکھے گئے تھے جن میں زبان اور شناخت اور فن اور شخصیت شامل تھے۔ اس پروگرام میں حمید ہارون کی ہدایات میں اے آر گرنی کے لو لیٹرز پرمبنی ڈرامہ بھی پیش کیا جانا تھا جس کی کاسٹ میں عمران اسلم اور ریحانہ سیگل شامل ہیں۔