لاہور/ اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی آمد سے قبل لاہور اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ لاہور میں میٹرو بس سروس معطل ہے اور شہر کےمختلف مقامات پر موبائل فون سروس بھی ہوگئی ہے۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد وطنی واپسی کےموقع پر لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت بیشتر مقامات کو کنٹینر لگا کربند کردیا ہے جب کہ پولیس کی جانب سے (ن) لیگ کے کارکنان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
لاہور کی مختلف شاہراہوں پر بڑی تعداد میں کنٹینرز رکھ دیے گئے جب کہ شہر بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری لاہور ایئر پورٹ پہنچ گئی جہاں شام سوا 6 بجے تک نواز شریف کی آمد متوقع ہے۔
موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش
نوازشریف اور مریم نواز کی واپسی پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور کے مختلف مقامات پر موبائل فون سروس بند کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
پنجاب حکومت نے اس حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں شہر کے 5 مقامات پر موبائل فون سروس معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے ائیرپورٹ، والڈ سٹی ایریا، شاہدرہ، ہڈیارہ اور نواب ٹاؤن میں موبائل فون سروس سہ پہر 3 سے رات 11 بجے تک معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔
صوبائی حکومت کی سفارش کے بعد شہر کےمختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئی ہے۔
ٹریفک پلان تیار
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ ٹریفک پلان پر ریلی سے قبل عمل درآمد کیا جائے گا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد وارڈنز فرائض انجام دیں گے۔
سی ٹی او کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو ایئر پورٹ تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس فراہم کی جائے گی اور ایئرپورٹ تک صرف فضائی مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔
شہر میں میٹرو بس سروس بند
میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال کے باعث بس سروس دن بھر بند رہے گی۔