خبرنامہ پنجاب

لاہور میں سی ٹی ڈی کارروائی، کالعدم تنظیم داعش کے 8 مبینہ دہشت گردوں پر مبنی گینگ گر فتار

لاہور (ملت + آئی این پی) محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم داعش کے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے لیپ ٹاپ اور تحریری مواد برآمد کرلیا۔محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب کے تر جمان کے مطابق لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے مقامی کمانڈر سمیت 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق 3 ماہ کی مسلسل جدوجہد کے بعد کالعدم تنظیم کے سیل پر چھاپہ مار کر انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتارکیا گیا ہے گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں نبیل عرف ابی عبداللہ اور اس کے ساتھی شامل ہیں اور تمام کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان میں نبیل ابی عبداللہ لوگوں کو سوشل میڈیا پر ورغلاتا تھا جبکہ پکڑاجانے والا گروہ شدت پسند رجحان کے حامل افراد کو شام اورافغانستان بھجواتا تھا اور ان میں سے کچھ افراد خود بھی افغانستان اورشام کا دورہ کرچکے ہیں اورایک بار پھر شام جانے کی تیاری میں تھے، دہشت گردوں کا ایک ساتھی قاری عابد شام میں ہی موجود ہے جو سوشل میڈیا پر عوام کو متحرک کرتا ہے ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے لیب ٹاپ اور ممنوعہ تحریری مواد بھی برآمد ہوا ہے ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔