لاہور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
لاہور(ملت آن لائن)سی ٹی ڈی نے دریائے راوی کے قریب ساندہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ 3 ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
سی ٹی ڈی نے مصدقہ اطلاع پر ڈیرہ سائیں کے قریب ساندہ کے علاقے میں پناہ لئے ہوئے دہشت گردوں کی اطلاع پر کارروائی کی، دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے تنیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارود، کلاشنکوف اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں جبکہ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گردی کی شناخت ضرار کے نام سے ہوئی ہے جو بہاولپور کا رہائشی ہے۔