خبرنامہ پنجاب

لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج،علاج نہ ہونے پر بچی جاں بحق

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج نے شہریوں اور مریضوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیاجب کہ ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث علاج نہ ہونے پر ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ لاہور میں مال روڈ پر 3 روز سے جاری ینگ ڈاکٹرزکے احتجاج نے شہری کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ، سڑکوں پر احتجاج اور دھرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ چند روز قبل ڈاکٹرز کی برطرفی کے خلاف ینگ ڈاکٹروں نے کام چھوڑ کر لاہور کے مال روڈ پر دھرنا دے دیا جس کے باعث ہسپتالوں کا نظام درہم برہم ہوگیا جب کہ میوہسپتال میں ڈیڑھ سال کی بچی ثنا ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ گئی، بچی کے باپ کے مطابق اس نے جب ڈاکٹروں سے علاج کا کہا تو ڈاکٹروں نے صاف انکار کرتے ہوئے مال روڈ پر جانے کاکہہ دیا ۔ دوسری جانب دھرنا دینے والے ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ میوہسپتال کے ڈاکٹروں کوناجائز برطرف کیاگیا لہذا ان کوفوری بحال کیاجائے۔