لاہور: نابینا افراد کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری، ٹریفک کی روانی متاثر
لاہور: (ملت آن لائن) ملازمتوں کے حصول کیلئے نابینا افراد کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے اور درجنوں نابینا افراد نے مال روڈ پر واقع کلب چوک پر دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک معطل کر دی۔ مظاہرین کا کہنا ہے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا ، بے روز گار نابینا افراد کو ملازمتیں فراہم کی جائیں اور ڈیلی ویجز پر بھرتی ملازموں کومستقل کیا جائے ۔ اس موقع پر نابینا مظاہرین نے پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ ان کا کہنا تھا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اس مسئلے پر ازخود نوٹس لیں اور ہمیں حق دلوائیں ۔ جبکہ مذاکرات کیلئے جانے والے سرکاری افسروں کو نابینا افراد انکار کرتے رہے اور شرط رکھی کہ صرف وزیر اعلیٰ پنجاب یا چیف سیکرٹری پنجاب سے مذاکرات کرینگے۔ مظاہرے کے باعث کلب چوک ، ایچی سن کالج اور گورنر ہائوس کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔