خبرنامہ پنجاب

لاہور: ٹبی سٹی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق

لاہور: (آئی این پی )لاہور کے علاقے ٹبی سٹی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ باپ اور دوسرا بیٹا زخمی ہو گئے ، دو بہنیں حادثے میں محفوظ رہیں ۔ گھر کی چھت ہی مکینوں پر موت بن کر آگری ، دیکھتے ہی دیکھتے ہنستا بستا گھر کھنڈر بن گیا ، لوگ ملبے تلے زندگی تلاش کرتے رہے ۔ ٹبی سٹی لاہور میں تین منزلہ عمارت کا ایک حصہ اچانک دھڑام سے نیچے آگرا ۔ عمارت میں مختلف خاندان رہائش پذیر تھے ۔ ملبے تلے دب کر اکتالیس سالہ جمیلہ اور تیرہ سالہ معین جاں بحق ہو گئے جبکہ باپ اور دوسرا بیٹا زخمی ہو گئے ، انہیں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، دوسرے کمرے میں دو بہنیں بھی موجود تھیں جو محفوظ رہیں ۔ پولیس کے مطابق عمارت خستہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ۔