خبرنامہ پنجاب

لاہور: ڈاکٹرزکی مبینہ غفلت،خاتون اوربچہ جاں بحق

لاہور(آئی این پی )لاہور کے لیڈی ایچی سن ہسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔ لواحقین نے ہسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ۔ ذرائع کے مطابق مغل پور ہ کی رہائشی اٹھارہ سالہ سمبل کو ایچی سن ہسپتال لایا گیا جہاں دوران آپریشن ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے سمبل اور اس کا بچہ دونوں جاں بحق ہو گئے۔ جس پر لواحقین کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے لواحقین اور میڈیا کے نمائندوں کو کمرے میں بند کردیا، تاہم لواحقین نے عملہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تالے توڑ دیئے۔ مظاہرین کے مطابق اٹھارہ سالہ سمبل کے تمام ٹیسٹ کلیئر تھے اور کوئی خطرے والی بات نہیں تھی، تاہم ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث وہ اور اسکا بچہ جاں بحق گیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔