لاہور: ڈولفن اسکواڈ نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی
لاہور:(ملت آن لائن) شہر کے علاقے شمالی چھاؤنی میں ڈولفن اسکواڈ نے بروقت کارروائی کر تے ہوئے کمسن بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی ‘ ایک ملزم گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ ڈولفن پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملزم اظہر اپنے ساتھی کے ساتھ بچے کو اغوا کرکے فرار ہورہا تھا کہ لوگوں کے شور پر ڈولفن سکواڈ موقع پر پہنچی اور اغوا کار کو دبوچ کر بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔ ڈولفن سکواڈ کا کہنا ہے کہ اغوا کار کا ایک ساتھی جس کا نام ندیم ہے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ڈولفن سکواڈ نے مغوی بچے کو بازیاب کروا کے اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔ ڈولفن سکواڈ نے ملزم اظہر کو حراست میں لے کر متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم اظہر مری کا رہائشی ہے اور اس کے فرار ہونے والے ساتھی کی معلومات مقامی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سنہ 2016 میں شاہدرہ کے علاقے میں رکشہ ڈرائیور سات سالہ امجد کو رکشے میں اغواءکر کے لے جا رہا تھا کہ شاہدرہ چوک میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈن نے بچے کو زنجیروں میں جکڑا دیکھ کر رکشے کو روکا اور بچے کو بازیاب کرا کے رکشہ ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دوسری جانب 8سالہ فیضان داتا دربار کے اطراف پریشان حال میں گھوم رہا تھا کہ قریب ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن نے شناخت نہ بتا پانے پر بچے کو متعلقہ تھانے پہنچادیا،پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی شناخت درست طریقے سے نہیں بتا پا رہا ہے اس لیے حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ بچہ اغواء ہوا تھا یا گمشدہ تھا۔