خبرنامہ پنجاب

لاہور: ڈکیتی کے دوران 5 افراد قتل، لڑکی سمیت 4 رکنی گروہ گرفتار

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور پولیس نے7 روز میں ملت پارک میں ڈکیتی کے دوران 5 افراد کو قتل کرنے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیاجبکہ پہلی مرتبہ کسی واردات کے دوران ملزمان کو گھر کرائے پر دینے والے 3مالکان کو بھی پولیس نے پکڑ لیا ہے ۔گزشتہ روزپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ہونے والی میڈیا بریفنگ میں سی سی پی او امین وینس اور دیگر پولیس افسران نے بتایا کہ ملت پارک میں چند روز قبل لاہور کی تاریخ کی سب سے بڑی واردات کے دوران 5 افراد کے قاتلوں کو سائنٹفیک بنیادوں پر گرفتار کیا ملزمان میں ظہیر، زاہد اور جہانگیر سمیت ایک لڑکی ام فروہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملزمان حافظ آباد کے رہائشی ہیں اور لاہور میں وارداتوں سے پہلے انہوں نے 3 گھر کرائے پر حاصل کیے جن کے مالکان کو اس لیے گرفتار کیا گیا کہ انہوں نے کرائے داروں کے بارے پولیس کو آگاہ نہیں کیاپولیس لائنز میں مقتولین کے ورثا کو بھی بلایا گیا جنہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔واضح رہے کہ ملت پارک واقعہ کا وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے نوٹس لیا گیا جس کے بعد پولیس نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا لیکن شہر میں ابھی بھی ایسے واقعات کی لمبی فہرست ہے جس کے مدعی ابھی بھی انصاف کے منتظر ہیں۔