لاہور: (ملت+اے پی پی) لاہور میں آج پھر درجہ حرارت سیزن کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ رات گئے درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا ۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا ۔ نو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا بھی چلتی رہے گی جس سے سردی کی شدت محسوس ہو گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 35 سے 85 فیصد تک رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر مزید 2سے 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں اگلے 2 سے 3روز کے دوران رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی سندھ اورپنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گاتاہم حیدرآباد میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔