لاہور:(ملت آن لائن) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے جناح اسپتال سے ایک نومولود بچی کو اغوا کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت کے رہائشی ندیم کے ہاں جناح اسپتال میں پہلی بچی کی پیدائش گزشتہ روز دوپہر 2 بجے ہوئی اور رات کو 9 بجے اُسے اغوا کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچی کے پاس اس کی والدہ اور دادی موجود تھیں کہ ایک نامعلوم نقاب پوش خاتون حفاظتی ٹیکہ لگانے کے بہانے بچی کو ساتھ لے گئی اور پھر واپس نہ آئی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ایک رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے جو مبینہ طور پر اس خاتون کو دروغہ والا چھوڑ کر واپس جناح اسپتال آیا تھا۔
پولیس مطابق حراست میں لیا گیا رکشہ ڈرائیور جناح اسپتال میں گارڈ کی نوکری بھی کرتا ہے۔
دوسری جانب ایم ایس جناح اسپتال نے واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔