لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے پائلٹ عصمت محمود کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے مقدمہ کا ریکارڈ 15 روز میں طلب کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ میں پائلٹ عصمت کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی ، عصمت محمود کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے، عصمت محمود پر شراب پی کر جہاز اڑانے کا الزام بھی ثابت نہیں ہوا۔ جہاز کا لینڈنگ گئیر ٹوٹنے سے حادثہ پیش آیا تاہم عصمت محمود کی سمجھداری کے باعث کوئی مسافر زخمی نہ ہوا لیکن نجی ائیر لائن کو بچانے کے لیے عصمت محمود کو گرفتار کر لیا گیا ۔یاد رہے کہ پولیس نے 122 مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر عصمت محمود کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا لیکن انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمہ سے دہشت گردی دفعات ختم کر دیں تھیں ۔ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ پائلٹ عصمت محمود کو درخواست ضمانت پر رہا کرنے کاحکم جاری کرے ۔