خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائیکورٹ‘سرتاج عزیز کی تقرری کے خلاف درخواست پر مزید دلائل طلب

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے مشیر خارجہ کے عہدے پر سرتاج عزیز کی تقرری کے خلاف درخواست پر مزید دلائل طلب کر لیے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے مقامی تنظیم کی درخوست پر سماعت کی جس میں مشیر خارجہ کے عہدے پر سرتاج کی تقرری کو چیلنج کیا گیا ہے. درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ سرتاج عزیز وزیر خارجہ کے اختیارات استعمال کر رہے ہیں۔ درخواست گزار نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سرتاج عزیز کو گاڑی پر قومی جھنڈا لگانے کا بھی استحقاق نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وہ گاڑی پر جھنڈا استعمال کررہے ہیں. درخواست گزار کے مطابق مشیروں کی تعداد پانچ سے زیادہ نہیں ہو سکتی لیکن یہ تعداد مقررہ حد سے زیادہ ہے. درخواست میں استدعا کی گئی کہ سرتاج عزیز کی مشیر خارجہ کے عہدے پر تقرری کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ درخواست پر آئندہ سماعت 16 مارچ کو ہو گی۔