خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائیکورٹ ،ایچی سن کالج میں مفت تعلیم نہ دینے پر پرنسپل اور حکومت کو نوٹس

لاہور (آئی این پی ) لاہور ہائیکورٹ نے ایچی سن کالج میں مفت تعلیم نہ دینے پر پرنسپل اور پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کر دئیے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن ایچی سن کالج میں آئین پر عمل نہیں کیا جا رہا اور بچوں کو مفت تعلیم نہیں دی جا رہی جو آئین کی واضح خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ایچی سن کالج کو بچوں کومفت تعلیم دینے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے درخواست پر پرنسپل اور پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کرکے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔