خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائیکورٹ ، اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے حوالے سے چین کیساتھ معاہدوں کی تفصیلات طلب

لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت سے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے حوالے سے چین کیساتھ معاہدوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ میں اورنج لائن منصوبے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے حکومت کو اگلی سماعت کے دوران چین کیساتھ ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو مئی تک ملتوی کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکومت کو معاہدوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم سنایا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے منصوبے کیلئے چین سے بھاری شرائط پر قرضہ لیا ہے جبکہ منصوبے کیلئے جن کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں ان میں بھی شفافیت اور میرٹ کو مد نظر نہیں رکھا گیا ۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ حکومت نے کمپنیوں کو ذاتی پسند اور نہ پسند پر ٹھیکے دیے ہیں جو سرا سر غیر قانونی ہے ۔درخواست میں اعتراض لگایا گیا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب نے نیسپاک کو منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تک تبدیل کرنے کا اختیار دے رکھا ہے جو حدود سے تجاوز کے زمرے میں آتاہے اس کے علاوہ کمپنی نے تاریخی عمارتوں کی خفاظت کیلئے حکومت کو تجویز دی تھی کہ منصوبے کا سا ت کلو میٹر کا روٹ زیر زمین بنایا جائے مگر حکومت نے اس پر بھی توجہ نہیں دی اور منصوبے کی وجہ سے متعدد تاریخی عمارتوں کو گرایا جا رہا ہے ۔