لاہور:(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ میں چھ سالہ بچی نے حوالگی کیس کی سماعت کے دوران اپنی والدہ کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ۔ لاہور ہائی کورٹ میں بچی کی تحویل کے لئے درخواست کی سماعت کی گئی ۔ بچی کے والد نے عدالت میں بیان دیا کہ بچی کی ماں اسے ڈھائی سال کی عمر میں چھوڑ کر چلی گئی تھی ، طلاق کے باوجود میں اسے اس کی ماں سے ملانا چاہتا ہوں لیکن بچی نہیں چاہتی ۔ عدالت میں 6 سالہ بچی نے ماں کے ساتھ جانے سے انکار کردیا ، بچی کا کہنا تھا کہ وہ ماں سے نہیں ملنا چاہتی ، بچی نے پولیس کو مدد کے لیے دہائیاں دینا شرو ع کر دیں ۔ عدالت نے بچی کی ماں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے اس کے باپ کے حوالے کر دیا ۔