لاہور(ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ بار کے 25 فروری کو ہونے والے سالانہ انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری، امیدواروں کا گروپس میں کھڑے ہو کر ووٹ مانگنے اور سپورٹرز کو کھانا کھلانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔اعلامیہ کے مطابق انتخابات میں چار عہدوں کے لئے 14 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین الیکشن بورڈ راجہ جاوید اقبال نے امیدواروں کی مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق جاری کیا جس کے مطابق امیدوار الیکشن سے 24 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کردیں گے۔ مہم کے دوران امیدواروں کے بینرز ، فلیکس اور ہولڈر بورڈز لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔ انتخاب کے روز امیدواروں کی بجائے الیکشن بورڈ کی جانب سے ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے آنے والے وکلا کو کھانا دیا جائے گاراجہ جاوید اقبال کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کو بھاری جرمانہ یا نااہل قرار دیا جائے گا۔