لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے بیوی اور برادر نسبتی کے قتل میں ملوث مجرم اور اس کے ساتھی کی بریت کے لئے دائر اپیل مسترد کردی‘عدالت نے دونوں مجرموں فضل حسین اور محمد آصف کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چودھری پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سزائے موت کے مجرموں فضل حسین اور محمد آصف کی بریت کے لیے دائر اپیل پر سماعت کی۔ سزائے موت کے مجرموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ ستراہ ضلع سیالکوٹ نے 30 اکتوبر 2009 کو شہناز بی بی اور اسکے بھائی ذوالفقار کے قتل کے جرم میں مقدمہ درج کیاملزم فضل حسین پر الزام لگایا گیا کہ اس نے ساتھی محمد آصف سے مل کر اپنی بیوی شہناز بی بی اور سالے ذوالفقارعلی کو قتل کیا وجہ عناد اور چشم دید گواہوں کی موقع پر موجودگی ثابت نہیں ہوئی اس کے باوجود ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ نے 22 اگست 2013 کو دونوں مجرموں کو سزائے موت کا حکم سنایاوکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر سزائے موت کے قیدیوں کو بری کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل منیر احمد سیال نیکہا کہ پولیس تفتیش، میڈیکل رپورٹ اور چشم دید گواہوں کے بیانات کے مطابق مجرم قصور وار ہے عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں مجرموں فضل حسین اور محمد آصف کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔