خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائیکورٹ‘ محکمہ صحت میں ہومیو پیتھک ڈاکٹروں کی میرٹ کے برعکس بھرتیوں پر اظہار برہمی

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت میں ہومیو پیتھک ڈاکٹروں کی میرٹ کے برعکس بھرتیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی او ہیلتھ سمیت انٹرویوز کمیٹی میں شامل ممبران کو عہدوں پر کام کرنے کا کوئی حق نہیں‘ عدالت نے سیکرٹری صحت کے جمع کرائے گئے جواب پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 24 نومبر کو تفصیلی جواب طلب کرلیا۔جسٹس محمد قاسم خان نے صائمہ شیخ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہیومیو ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے ہونے والے تحریری امتحان میں درخواست گزار نے سب سے زیادہ نمبر حاصل کئے لیکن انٹرویوز کمیٹی نے موزوں نمبر دے کر کامیاب قرار نہیں دیا۔ انٹرویو میں نمبر دینے کی کوئی واضح پالیسی نہیں، انٹرویو کمیٹی کے ممبران بغیر کسی واضح پالیسی کے امیدواروں کو نمبر د یتے ہیں عدالت کے طلب کرنے پر ایڈیشنل سیکرٹری صحت عدنان ظفر اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوالفقار علی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت میں دونوں افسران تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ غیر تسلی بخش جواب پر کیوں نہ انٹرویو کمیٹی کے ممبران کو بھاری ہرجانہ کیا جائے؟عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے سیکرٹری صحت سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔