خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو کو سیلز ٹیکس کے متنازع واجبات کی وصولی سے روک دیا

لاہور(ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو کو بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس کے متنازع واجبات کی وصولی سے روک دیا ۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لاہور ہا ئیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے یہ حکم صدیق آئرن سمیت 11کمپنیوں کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے جاری کرتے ہوئے کیا ہے کہ درخواست گزاروں کی طرف سے محمد محسن ورک ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ لیسکو بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس کے متنازع واجبات وصول کرنا چاہ رہا ہے اور اس حوالے سے پنجاب بھر بھی صنعتی اداروں کو بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس کے متنازع واجبات لگا کر بھجوائے جا رہے ہیں جو غیرقانونی اقدام ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ لیسکو سیلز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ48کا اختیار استعمال کرنے کا مجاز نہیں، اگر لیسکو کو متنازع واجبات کی وصولی کا اختیار دیدیا گیا تو اس طریقے سے ٹیکس گزاروں کو شنوائی کا موقع نہیں ملے گے، ٹیکس واجبات کے تنازعات حل کرنا صرف ایف بی آر کا اختیار ہے ،لیسکو کو سیلز ٹیکس کے متنازع واجبات کی وصولی سے روکا جائے، ایف بی آر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لیسکو ایف بی آر کے کہنے پر یہ بجلی کے بلوں میں متنازع واجبات شامل کر رہا ہے عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد تمام درخواستیں نمٹاتے ہوئے حکم جاری کیا کہ لیسکو کو بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس کے متنازع واجبات کی وصولی کا اختیار نہیں ہے، عدالت نے ایف بی آر کو حکم دیا ہے کہ وہ درخواست گزاروں کو شنوائی کا مکمل موقع دے اور اگر سیلز ٹیکس کے واجبات بنتے ہوں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔