لاہور (ملت + اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کی بہبود کیلئے درخواست پر پنجاب حکومت سے جامع اور تفصیلی جواب طلب کر لیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ایم ایس ضفائیر کی درخواست پر سماعت کی جس میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے قانونی سازی کی استدعا کی گئی، سماعت کے دوران عدالت نے تفصیلی رپورٹ پیش نہ کرنے پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی سرزنش کی اور واضح کیا کہ ورکرز کی بہبود کے لیے تفصیلی رپورٹ پیش کریں ورنہ سیکرٹری مائنز عدالت میں پیش ہوں، درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء کے مطابق پنجاب میں کوئلے کی کانوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی بہبود کیلئے کوئی نظام موجود نہیں ہے ، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ مزدور کوئلے کی کانوں میں کام کر کے پھپھڑوں کی بیماری میں مبتلا ہو رہے ہیں اور ورکر کمپینسیشن ایکٹ 1923 میں مزدوروں کو ہونے والی بیماری کا ذکر نہیں ہے، شیراز ذکا ء ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ حکومت قانون میں ترامیم کرکے مزدوروں کی بہبود کیلئے اقدامات کرے، عدالت نے کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی ۔