خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائیکورٹ کا 3 بچے باپ کی تحویل سے لیکر ماں کے حوالے کرنے کا حکم‘ باپ کی بچوں کو چھیننے کی کوشش

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ کا 3 بچے باپ کی تحویل سے لیکر ماں کے حوالے کرنے کا حکم، باپ کی بچوں کو چھیننے کی کوشش، پولیس نے بچے زبردستی ماں کے حوالے کردیئے۔تفصیلات کے مطابق جسٹس ارم سجاد گل نے رضیہ بی بی کے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار رضیہ بی بی کا کہنا تھا کہ خاوند نے گھر سے نکال کر 3بچے چھین لیے ہیں اور ملنے کی اجازت بھی نہیں دے رہا بچوں کو میرے حوالے کیا جائے بچوں کے باپ کا کہنا تھا کہ کہ بیوی خود ہی بچے چھوڑ کر میکے چلی گئی تھی، میں نے زبردستی بچے اپنے پاس نہیں رکھے۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد بچوں کو باپ کی تحویل سے لے کر ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا اورریمارکس دیئے کہ بچوں کی پہلی درس گاہ ماں کی گود ہے باپ لاکھ کوشش کرے ماں کے بغیر بچوں کو نہیں پال سکتا بچوں کو ماں سے جدا نہیں کیا جاسکتا عدالتی فیصلہ آنے کے بعد باپ نے احاطہ عدالت میں بیوی سے بچے چھیننے کی کوشش کی مگر پولیس نے زبردستی بچے باپ کی تحویل سے لیکر ماں کے حوالے کردیئے۔